ڈی سی ، ڈی پی او، علماء کا مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈی پی او فیصل شہزاد اور ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے جڑانوالہ میں ہونے والے سانحہ کے سلسلہ میں مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا۔انہوں نے سینٹ میری، کیھتولک، بشپ ہاؤس اور دیگر گرجا گھروں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مسیحی برادریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر بشپ ابراہام ڈینیل،علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،مفتی سہیل بٹ،احسان الحق ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے-انہوں نے کہاکہ سانحہ جڑانوالہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ساہیوال ایک پرامن شہر ہے جہاں علماء کرام ومشائخ اور مسیحی برادری نے ہمیشہ بھائی چارہ کی فضاء کو پروان چڑھایاہے۔اسلام تمام مذاہب کے پیروکاروں کے حقوق کا تحفظ اور امن کا داعی دین ہے ۔قرآن پاک سمیت کسی بھی الہامی کتاب کی بے حرمتی یا عبادت گاہ کو نذرآتش کرنے کے عمل کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس کی کسی شخص کو اجازت دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ گرجا گھروں کے دورہ میں سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد بھی ہمراہ تھے جن میں انجمن تاجران، امن کمیٹی، علماء کرام کے نمائندہ افراد شامل تھے -ڈی پی او نے تمام تر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات دیں انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اس موقع پر مزید الرٹ ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں