ساہیوال، نجی کالجز کے اساتذہ کی اکثریت تعطیلات میں ملازمت سے فارغ

ساہیوال(ایس این این) پنجاب کے نجی کالجز نے محکمہ تعلیم کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔ تعطیلات میں کالج کلاسز لگانے کے باوجود اساتذہ کو مالی نقصان کا بہانہ بناتے ہوئے فارغ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں نجی کالجز کے بڑے گروپس نے تعطیلات کے اعلان کے باوجود کالج کلاسز لگائی ہوئی ہیں مگر اساتذہ کی اکثریت کو فیسوں کی وصولی نہ ہونے اور مالی نقصانات کا بہانہ بناتے ہوئے کالجز سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ نجیکالجز کے اساتذہ کے مطابق ہر تعلیمی سال میں گرما کی تعطیلات سے قبل نجی ادارےاساتذہ کی اکثریت کو ملازمت سے فارغ کر دیتے ہیں اور انھیں گرما کی تعطیلات کی تنخواہ بھی نہیں دی جاتی جب کہ طلبا و طالبات سے سال کے آغاز میں ہی سالانہ فیس وصول کر لی جاتی ہے جس میں تعطیلات گرما کی فیس بھی شامل ہوتی ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ بھاری فیسیں وصول کرنے کے باوجود نجی کالجز کے بڑے گروپ اساتذہ کو بیس سے تیس ہزار روپے ماہانہ ادا کرتے ہیں مگر تعلیمی بورڈ اور حکومتی ادارے اس استحصال پر خاموش ہیں۔ اساتذہ نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ کم معاوضہ ادا کرنے اور اساتذۃ کو بلاوجہ فارغ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں