ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا

کراچی (17 جون2023ء) ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب،چئیرمین کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد اجلا س کی صدارت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الاضحٰی کی آمد میں اب چند دنوں کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ ماہ ذی القعدہ کی 28 تاریخ ہو جانے کے بعد اب حج بیت اللہ اور عید الاضحٰی کی آمد میں چند ہی دن باقی ہیں، جس کے بعد جہاں دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں نے عید قربان کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، وہیں کروڑوں مسلمانوں میں یہ تجسس بھی پایا جاتا ہے کہ عید الاضحٰی کس تاریخ کو ہو گی؟۔
اس حوالے سے دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں ذی الحج کے چاند کی رویت کیلئے اجلاس طلب کر لیے گئے ہیں۔پاکستان میں بھی ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 جون کو طلب کر لیا گیا۔ اجلاس پیر کے روز نمازعصر کے بعد محکمہ موسمیات کراچی کے دفترمیں ہوگا، وزارت مذہبی امور کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔کراچی میں رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی اجلاس کے علاوہ اسلام آباد،لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت ہوں گے۔ ذی الحج کے چاند کی رویت کے حوالے سے کلائیمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق چاند کی پیدائش 18جون کی شب9بج کر 37منٹ پر ہوگی، یوں پاکستان میں 20جون کو یکم ذی الحج ہونے کا امکان ہے، تاہم چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ 19 جون کو ذی الحق کا چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان میں عید الاضحٰی 29 جون بروز جمعرات کو ہو گی۔ اگر پیر 19 جون کو پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہ آیا، تو اس صورت میں عید قربان 30 جون بروز جمعہ کو ہو گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں