انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان مشاورت کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیراعظم نام پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو ارسال کردی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو مشاورتی عمل میں تعاون اور 16 ماہ کے دوران بطور بہترین قائد حزب اختلاف کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر آج فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے 8 دن کا وقت ہے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملاقات کروں گا۔ پورا معاملہ آئین میں واضح طریقے کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں