جعفر ایکسپریس کے عملے کے 2 ارکان سے منشیات برآمد

چیچہ وطنی(ایس این این) اینٹی نارکوٹکس فورس نے گجرات ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کے دوران جعفر ایکسپریس کے عملے کے 2 ارکان کے قبضے سے منشیات برآمد کر لی۔اے این ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اطلاع ملی تھی کہ ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی جا رہی ہے، اطلاع کے نتیجے میں منصوبہ بندی سے جنکشنز اور ٹرینوں کی سخت نگرانی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا، دورانِ نگرانی اطلاع پر جعفر ایکسپریس میں گجرات جنکشن کے مقام پر چیکنگ کی گئی، تلاشی لینے پر ملزمان کی سرکاری پیٹی سے 4 کلو گرام چرس اور 2 کلو گرام افیون برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان منشیات راولپنڈی سے جیکب آباد اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اے این ایف کے ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، راولپنڈی کے رہائشی دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں