جنوبی افریقا کی پاکستان کیخلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے فتح

چنائی(ایس این این) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 26 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 270 رنزپر آؤٹ ہوگئی،یوں جنوبی افریقی ٹیم کو 271 رنز کا ہدف دیدیا۔
جنوبی افریقا ٹیم نے 47 اعشاریہ 2 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور پاکستان کو 1999ء کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں میں شکست دے دی۔میگا ایونٹ میں پاکستان کی6 مقابلوں میں یہ مسلسل چوتھی شکست ہے، فائنل فور میں گرین شرٹس کے پہنچنے کے امکانات انتہائی مشکل ہوگئے ہیں۔جنوبی افریقا کی طرف سے ایڈن مارکرم نے 91 کی شاندار باری کھیلی، ان کی وکٹ پر موجودگی کے دوران پاکستان کی کامیابی کے امکانات انتہائی کم تھے۔جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر نے 29، ٹمبا باووما 28 اور کوئنٹن ڈی کک 24 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 45 رنز کے عوض 3 وکٹ لیے جبکہ حارث روف، محمد وسیم اور اسامہ میر نے بالترتیب 62، 50 اور 45 رنز دے کر 2، 2 جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔گرین شرٹس کی اوپننگ جوڑی عبداللّٰہ شفیق 9 اور امام الحق 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 38 رنز تھا۔ابتداء ہی میں 2 وکٹ گرجانے کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے 48 رنز کی شراکت قائم کی، 86 کے مجموعے پر محمد رضوان 27 گیندوں پر 31 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 129 کے اسکور پر گری، افتخار احمد 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ٹیم کی پانچویں وکٹ141 پر کپتان بابر اعظم کی گری جو 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔چھٹی وکٹ پر شاداب خان اور سعود شکیل نے مجموعی اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کیا، 225 کے اسکور پر شاداب خان 36 گیندوں پر 43 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
گرین شرٹس کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بیٹر سعود شکیل تھے، جو 52 گیندوں پر 52 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 240 رنز تھا۔پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے بیٹر شاہین آفریدی 2 رنز تھے، 259 کے اسکور پر تبریز شمسی کی چوتھی وکٹ بن گئے۔قومی ٹیم کی نویں وکٹ 268 کے اسکور پر محمد نواز کی گری، جو 24 گیندوں پر 24 رنز بناکر پولین لوٹ گئے، محمد وسیم آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے جو صرف 7 بناکر میدان چھوڑ گئے۔جنوبی افریقا کی طرف سے تبریز شمسی نے 4 جبکہ مارکو جانسن 3 جیرالڈ کوٹزی نے 2 اور نگی نگیڈی 1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ آج کے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔
بابر اعظم نے بتایا تھا کہ حسن علی اور اسامہ میر ٹیم میں شامل نہیں، ان کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہمارے لیے یہ میچ ضروری ہے، ہم تمام شعبوں میں بہتری لائیں گے۔اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں